15 نومبر، 2026، 4:15 PM

سعودی عرب؛دو شیعہ شہریوں کو سزائے موت

سعودی عرب؛دو شیعہ شہریوں کو سزائے موت

سعودی عرب نے 2011ء میں قطیف کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے دو سعودی شیعہ شہریوں کو سزائے موت دے دی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب نے 2011ء میں قطیف کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے دو سعودی شیعہ شہریوں کو سزائے موت دے دی۔

سعودی حکام نے گزشتہ روز ملک کے مشرقی صوبے قطیف سے تعلق رکھنے والے دو شیعہ کارکنوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا۔ ان میں سے ایک کی گرفتاری کو اقوام متحدہ سے وابستہ ایک ورکنگ گروپ پہلے ہی من مانے اور غیر قانونی حراست کا معاملہ قرار دے چکا تھا۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’فاضل بن حسن بن عبداللہ صفوانی‘‘ اور ’’جواد بن عبداللہ بن علی قریریص‘‘ کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، سکیورٹی فورسز اور ان کی گاڑیوں پر فائرنگ، اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کے الزامات میں تعزیری سزائے موت دی گئی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی توثیق اور سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے شاہی فرمان جاری ہونے کے بعد یہ فیصلے حتمی ہو گئے تھے۔

ان دونوں شیعہ کارکنوں کو 2011ء میں قطیف کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے الزام میں گرفتار کرکے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

صفوانی کا نام 2012ء میں سعودی حکام کی جانب سے مطلوب قرار دیے گئے 23 افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور بالآخر دسمبر 2020ء کے اواخر میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم ’’منا لحقوق الإنسان‘‘ کی دستاویزات کے مطابق، قریریص نے بھی 2011ء اور 2012ء کے دوران احتجاجی مظاہروں اور تدفین کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے قریریص پر تشدد، انہیں قیدِ تنہائی میں رکھنے اور دباؤ و جبر کے ذریعے اعترافات حاصل کرنے کے واقعات بھی دستاویزی شکل میں محفوظ کیے تھے۔

واضح رہے اس سے قبل یورپی سعودی تنظیم برائے انسانی حقوق نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے 2024ء کے اواخر میں متعدد مظاہرین، جن میں صفوانی اور قریریص بھی شامل تھے، کی سزائے موت کے فیصلے منسوخ کر دیے تھے۔ تاہم، دوبارہ مقدمات کی سماعت کے بعد ان دونوں کو پھر سے سزائے موت سنا دی گئی، جبکہ انسانی حقوق کے اداروں نے عدالتی کارروائی کے منصفانہ اور شفاف ہونے پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی جمع کردہ معلومات اور سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر مرتب کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، سعودی عرب میں رواں عیسوی سال کے آغاز سے اب تک سزائے موت پر عمل درآمد کے واقعات کی تعداد کم از کم 209 ہو چکی ہے۔ یورپی سعودی تنظیم برائے انسانی حقوق نے رواں ماہ 7 نومبر تک 204 سزائے موت پر عمل درآمد کے واقعات ریکارڈ کیے تھے۔

یاد رہے سعودی حکام نے 11، 12 اور 14 نومبر کو مزید پانچ سزائے موت پر عمل درآمد کی اطلاع دی ہے۔

News ID 1942873

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha